وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ہونے والا قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا آج کا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔
ذرائع وزارتِ منصوبہ بندی کے مطابق اب یہ اجلاس کل بروز منگل منعقد ہوگا، جس میں آئندہ مالی سال کے اہم اقتصادی اہداف اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی جائے گی۔اجلاس میں وفاقی ترقیاتی بجٹ (PSDP) اور مجموعی قومی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی جانی تھی۔ ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے ترقیاتی بجٹ 4 ہزار ارب روپے سے زائد ہونے کا امکان ہے، جبکہ جی ڈی پی گروتھ کا ہدف 4 فیصد مقرر کیے جانے کی تجویز ہے۔این ای سی اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ سمیت متعلقہ وفاقی و صوبائی نمائندے شریک ہوتے ہیں، اور یہ ملک کی اقتصادی پالیسی اور ترقیاتی ترجیحات کے حوالے سے اہم فورم سمجھا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کی ملتوی ہونے کی ایک وجہ حکومتی اتحادی جماعت پیپلز پارٹی کے ساتھ بعض معاملات پر اتفاقِ رائے نہ ہونا بھی بتایا جا رہا ہے، جس کے باعث اجلاس آج منعقد نہیں ہو سکا۔اب توقع ہے کہ کل ہونے والے اجلاس میں ترقیاتی بجٹ اور معاشی اہداف پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔