وفاقی وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ECC) کا اجلاس آج ہوگا جس میں مختلف اہم گرانٹس کی منظوری دی جائے گی۔
اجلاس میں 8 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا، جس میں اسلام آباد کے اسکولوں اور کالجوں کے لیے 25 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری شامل ہے۔ایجنڈے میں پی ایم انیشی ایٹو پر عمل درآمد کے لیے سمیڈا فنڈز کی منظوری، وزارتِ داخلہ کی گرانٹ اور فنڈز کی 5 سمریز بھی شامل ہوں گی۔ وزارتِ داخلہ کے لیے 3 کروڑ 61 لاکھ روپے کی گرانٹ اور ایف سی بلوچستان کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کے لیے 1 کروڑ 54 لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
مزید برآں، ریکوڈک کے سیکیورٹی چارجز کی ادائیگی کے لیے 1 ارب 79 کروڑ روپے کی گرانٹ اور گوادر پورٹ سے پوٹاشیئم سلفیٹ کی ایکسپورٹ کے لیے سمری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ اس اجلاس میں ان گرانٹس کی منظوری کے بعد مختلف منصوبوں اور اقدامات کی تکمیل میں مدد ملے گی، جو ملکی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے اہم ہیں۔