قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس آج، آئندہ مالی سال کے بجٹ اہداف کی منظوری متوقع

قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس آج، آئندہ مالی سال کے بجٹ اہداف کی منظوری متوقع

ویب ڈیسک: قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے، جس کی صدارت وزیر اعظم شہباز شریف کریں گے۔

 اجلاس سہ پہر 3 بجے وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوگا، جس میں وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ تمام صوبائی حکومتوں کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں آئندہ مالی سال کے قومی ترقیاتی بجٹ اور میکرو اکنامک فریم ورک کی منظوری دی جائے گی۔ اس دوران مالی سال 2025-26 کے لیے معاشی شرح نمو، زراعت، صنعت اور سروسز سیکٹر کے اہداف کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔اجلاس میں قومی ترقیاتی بجٹ تقریباً 4 ہزار ارب روپے اور پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے لیے ایک ہزار ارب روپے کے فنڈز رکھنے کی تجویز پیش کی جائے گی۔

 قومی اقتصادی کونسل سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی تجاویز کی منظوری دے گی تاکہ ملک کی ترقیاتی منصوبہ بندی مؤثر انداز میں آگے بڑھائی جا سکے۔واضح رہے کہ قومی اقتصادی کونسل کا یہ اجلاس اس سے قبل 5 جون کو طلب کیا گیا تھا، مگر اب دوبارہ آج منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ اجلاس ملکی معیشت کے لیے انتہائی اہم سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہاں سے ترقیاتی بجٹ اور دیگر اہم اقتصادی پالیسیاں حتمی شکل پاتی ہیں۔