وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 8 جون کو طلب کر لیا ہے، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن آج جاری ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت وزیرِ اعظم کریں گے، جبکہ اس میں وفاقی وزراء کے ساتھ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد کشمیر کے وزیرِ اعظم اور گلگت بلتستان کے وزیرِ اعلیٰ بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس کو ملک کی آئندہ معاشی سمت کے تعین کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں مالی سال 2026-27 کے ترقیاتی بجٹ کی منظوری دی جائے گی اور آئندہ مالی سال کے لیے معاشی ترجیحات اور ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔اجلاس میں مختلف شعبوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں، وسائل کی تقسیم اور وفاق و صوبوں کے درمیان مالی تعاون سے متعلق امور بھی زیر بحث آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق ملک کا اقتصادی سروے 9 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے، جس میں رواں مالی سال کی مجموعی معاشی کارکردگی، ترقی کی شرح، مہنگائی، زرمبادلہ کے ذخائر اور دیگر اہم اقتصادی اشاریوں کا تفصیلی جائزہ شامل ہوگا۔حکام کے مطابق یہ اجلاس آئندہ بجٹ کی تیاری اور ملکی معاشی حکمت عملی کے حوالے سے فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے، جس میں اہم پالیسی فیصلے متوقع ہیں۔