ملزم صفدر نے گھر میں ہی ذبح خانہ بنا رکھا تھا ،چربی کے ڈھیر اور توڑوں میں پیک چربی بھی ملی
لاہور(کرائم رپورٹر)باٹا پور کے علاقے جلو پارک میں پولیس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایک رہائشی مکان میں قائم غیر قانونی ذبح خانے کا سراغ لگا لیا۔ کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں مردہ اور بیمار جانوروں کا گوشت برآمد کر لیا گیاپولیس کے مطابق فریزر سے تین مردہ جانوروں کا گوشت برآمد ہوا جبکہ دو شدید بیمار جانور بھی قبضے میں لے لیے گئے۔ چھاپے کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ انتہائی گندے ماحول میں زمین پر رکھ کر گوشت تیار کیا جا رہا تھا، جو انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ تھا۔ویٹرنری ڈاکٹر عدیل شہباز نے موقع پر گوشت کا معائنہ کرنے کے بعد اسے انسانی استعمال کے لیے انتہائی مضر قرار دیاپنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے تمام مضرِ صحت گوشت اپنی تحویل میں لے کر موقع پر ہی تلف کر دیا۔کارروائی کے دوران غیر قانونی ذبح خانے سے چربی کے ڈھیر اور توڑوں میں پیک کی گئی چربی بھی برآمد ہوئی۔ پولیس نے مرکزی ملزم صفدر علی کو موقع پر گرفتار کرکے حوالات منتقل کر دیا۔باٹا پور پولیس نے ملزم صفدر علی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، جبکہ دیگر ملوث افراد کے خلاف فوڈ اتھارٹی ایکٹ اور اینیمل سلاٹر کنٹرول ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی جاری ہے۔