شہری پہلے سے ذبح مرغی کا گوشت نہ خریدیں:ڈی جی فوڈ اتھارٹی

 مرغی اپنے سامنے ذبح کروائیں تاکہ محفوظ اور حلال گوشت کا حصول یقینی بنایا جا سکے:عاصم جاوید
لاہور(سپیشل رپورٹر) ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مرغی کا گوشت خریدنے والے شہریوں کو خبردار کردیا اور کہا پہلے سے ذبح شدہ گوشت خریدنے سے گریز کریں۔تفصیل کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کی ہدایت پر لاہور بھر میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ملاوٹ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے گوشت کی دکانوں اور سپلائرز کے خلاف کریک ڈائون شروع کر دیا۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں 42 میٹ شاپس اور گوشت سپلائرز کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 2 کے خلاف مقدمات درج کیے گئے، جبکہ 2 پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔کارروائی کے دوران 65 ہزار کلو گوشت کی چیکنگ کی گئی، جن میں سے 1610 کلو ناقص گوشت اور مردہ مرغیاں تلف کر دی گئیں۔شیرشاہ کے علاقے میں ایک گاڑی سے مردہ مرغیاں برآمد ہوئیں، جنہیں موقع پر ہی تلف کر دیا گیا،۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی  وہ پہلے سے ذبح شدہ گوشت خریدنے سے گریز کریں اور مرغی ہمیشہ اپنی آنکھوں کے سامنے ذبح کروائیں تاکہ محفوظ اور حلال گوشت کا حصول یقینی بنایا جا سکے۔