لاہور: شہر لاہور میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، سورج آگ برسا رہا ہے جبکہ محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے نے ہیٹ ویو کے خدشے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور دوپہر کے وقت گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں اس میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ پیش گوئی کی گئی ہے کہ درجہ حرارت 41 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے عوام کو خاص طور پر شام 5 بجے تک گھروں میں محدود رہنے کی تاکید کی ہے تاکہ ہیٹ اسٹروک اور دیگر گرمی سے متعلق بیماریوں سے بچا جا سکے۔ہیٹ ویو سے سب سے زیادہ خطرہ بزرگ شہریوں، بچوں اور بیماریوں میں مبتلا افراد کو ہے، اس لیے ان کے لیے خصوصی احتیاط برتنے پر زور دیا گیا ہے۔
ادھر لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں تیسرے نمبر پر آ گیا ہے، جہاں فضائی آلودگی کی شرح 121 ریکارڈ کی گئی ہے، جو عالمی ادارہ صحت کے مطابق انسانی صحت کے لیے خطرناک ہے۔ ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی اور فضائی آلودگی کا امتزاج شہریوں کی صحت پر شدید منفی اثر ڈال سکتا ہے۔شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال کریں، پانی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کریں، اور کھلے دھوپ والے مقامات پر جانے سے پرہیز کریں تاکہ صحت کے مسائل سے محفوظ رہا جا سکے۔