ملک بھر میںسورج کا پارہ ہائی، ہیٹ ویو کا خدشہ

پنجاب کے کئی اضلاع میں بھی درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ، سندھ اور بلوچستان میں48سے 51ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے
اسلام آباد(آئی این پی )ملک کے بیشتر علاقوں میں 12جون تک ہیٹ ویو کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات نے شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی لہر کے خدشے کا انتباہ جاری کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔کراچی میں بھی ہیٹ ویو کا امکان ہے، شہر قائد میں پارہ 40 سے 43 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے کئی اضلاع میں بھی درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان کے چند اضلاع میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔شدید گرمی کے باعث جنوبی پنجاب اور سندھ میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔اس کے علاوہ گلگت بلتستان، چترال، دیر، سوات اور کوہستان میں درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کے پیش نظر عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری صبح 10 سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں۔دوسری جانب (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ شمالی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے کے باعث برف اور گلیشیئر تیزی سے پگھل سکتے ہیں، جس سے بعض علاقوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے اور اچانک سیلابی صورتحال کا خطرہ بھی بڑھ سکتا ہے۔