اسلا م آباد(آئی این پی ) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آئندہ24گھنٹوں میں بھی ہیٹ ویو جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بیشتر میدانی علاقوں میں ہیٹ ویو جاری رہے گی جس کے سبب درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری تک زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو اور سبی میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔اسی طرح لسبیلہ، نواب شاہ، خیر پور، تربت،لاڑکانہ، جیکب آباد میں 46، لاہور اور ملتان میں 41، کراچی اور پشاور میں 39، اسلام آباد میں 35، کوئٹہ اور مظفر آباد میں 33 اور گلگت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔