ہیٹ ویو، ممکنہ حادثات:پاکپتن بھر میں دفعہ 144نافذ

ستلج، نہروں،ڈسٹری بیوٹریز میں کشتی رانی، نہانے،تیراکی پر پابندی ہوگی:ڈپٹی کمشنر 
پاکپتن(خصوصی رپورٹ)ہیٹ ویو کے تناظر میں پاکپتن انتظامیہ نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔ گرمی کی شدت اور ممکنہ حادثات کے خطرے کے پیشِ نظر ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے ایک ماہ کیلئے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کی۔ اعلامیے کے مطابق پابندی 29 جون سے 28 جولائی تک نافذ العمل رہے گی، اس دوران دریا ئوں، نہروں اور دیگر آبی مقامات پر نہانے، کشتی رانی اور عوامی سلامتی کیلئے خطرہ بننے والی سرگرمیوں پر پابندی عائد ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ فیصلے کا مقصد قیمتی انسانی جانوں کو محفوظ بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا ئو یقینی بنانا ہے۔ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے ضابطہ فوجداری 1898ء  کی دفعہ 144 کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے ضلع پاکپتن کی ریونیو حدود میں دریائے ستلج، نہروں اور تمام ڈسٹری بیوٹریز میں کشتی رانی، نہانے اور تیراکی پر پابندی عائد کی ہے۔