بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے 11 اہلکار وطن پر قربان ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن بلوچستان کی اہم قومی شاہراہ این-25 پر جھاو کراس اور کرارو کے درمیان کیا گیا، جہاں دہشت گردوں نے مبینہ طور پر شاہراہ کو بند کر رکھا تھا اور مسافروں و مقامی شہریوں سے بھتہ وصول کرنے سمیت خوف و ہراس پھیلانے میں مصروف تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات ملنے پر سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے کا محاصرہ کیا۔ اس دوران دہشت گردوں نے شدید مزاحمت کی، جس کے نتیجے میں دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے 19 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ متعدد دیگر دہشت گرد زخمی ہو کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے، جن کی تلاش کے لیے علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔شدید جھڑپ کے دوران سکیورٹی فورسز کے 11 اہلکار بھی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ شہداء کی میتیں ضروری کارروائی کے بعد آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں، جہاں انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن اس عزم کا مظہر ہے کہ بلوچستان میں امن و امان خراب کرنے، قومی شاہراہوں کو غیر محفوظ بنانے اور شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے صوبے میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، اور امن دشمن عناصر کے خلاف آپریشن اس وقت تک جاری رہیں گے جب تک علاقے کو مکمل طور پر دہشت گردوں سے پاک نہیں کر دیا جاتا۔