لاہور: جعلی واٹس ایپ اکاؤنٹس اور گروپس فروخت کرنے والے مبینہ نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی، خاتون گرفتار

لاہور: جعلی واٹس ایپ اکاؤنٹس اور گروپس فروخت کرنے والے مبینہ نیٹ ورک کے خلاف بڑی کارروائی، خاتون گرفتار

لاہور میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی واٹس ایپ اکاؤنٹس اور گروپس بنانے اور فروخت کرنے والے مبینہ نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو گرفتار کر لیا۔

حکام کے مطابق کارروائی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کی شکایت پر کی گئی، جس کے بعد مقدمہ درج کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمہ کی شناخت صفیہ افضل کے نام سے ہوئی ہے، جو ساہیوال کی رہائشی بتائی جاتی ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزمہ غیر قانونی طور پر فعال سمز استعمال کرکے جعلی واٹس ایپ اکاؤنٹس اور گروپس تیار کرتی اور انہیں مختلف افراد کو فروخت کرتی تھی۔چھاپے کے دوران ملزمہ کے قبضے سے مختلف موبائل نیٹ ورکس کی 310 فعال سمز اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا، جنہیں مزید فرانزک تجزیے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزمہ کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ جعلی واٹس ایپ اکاؤنٹس اور گروپس کے اس منظم نیٹ ورک میں ملوث دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔این سی سی آئی اے کے مطابق سائبر جرائم، غیر قانونی سمز کے استعمال اور آن لائن فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو سائبر جرائم سے محفوظ بنایا جا سکے۔