انسانی گردے فروخت کرنے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار، رائیونڈ پولیس کی بڑی کارروائی

انسانی گردے فروخت کرنے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار، رائیونڈ پولیس کی بڑی کارروائی

لاہور کے علاقے رائیونڈ میں پولیس نے انسانی گردے فروخت کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کر کے گرفتار کیا گیا۔تحقیقات کے مطابق گرفتار ملزم شہریوں کو پیسوں کا لالچ دے کر ورغلاتا اور انہیں اسلام آباد میں قائم ایک نجی کلینک میں لے جاتا تھا۔ ملزم متاثرہ افراد کو چند روز حبسِ بے جا میں رکھتا اور ڈیل طے ہونے کے بعد ان کا گردہ نکال لیا جاتا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے ایک شہری کو تین لاکھ روپے کا لالچ دے کر اس کا ایک گردہ نکلوایا۔ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ نیٹ ورک میں شامل دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پولیس حکام کے مطابق انسانی اعضاء کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔