لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارش،کئی علاقوں میں بجلی بند
لاہور(کرائم رپورٹر) لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیرا?ب آ گئے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے کئی گھروں میں پانی داخل ہوگیا۔جڑواں شہروں میں بھی 130 ملی میٹر بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے لا ہور میں ، آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے جس سے بجلی کی سپلائی منقطع ہوگئی متعدد مجالس اور جلوسوں کے روٹ پر بھی بجلی کی سپلائی معطل رہی۔لیسکو کے 180 سے زائد فیڈرز پر ٹرپنگ سے فنی خرابیاں پیدا ہوئیں،تکنیکی و فنی خرابیوں سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی،لیسکو حکام کے مطابق سٹاف کو الرٹ کر دیا گیا ۔موسلادھار بارش کے باعث نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 15 فٹ تک بلند ہوگئی، جبکہ نالہ لئی اور اس کے اطراف کے علاقوں میں الرٹ جاری ہے، نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری اور عملہ تعینات ہے، اس کے علاوہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس پڑے۔محکمہ موسمیات نے آج اور کل اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بارش کی پیشگوئی کی ہے، بلوچستان، مری، گلیات اور کشمیر میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔ مختلف علاقوں میں بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آگئی جب کہ ہیروشاہ خوڑعبور کرتے ہوئے خاتون سمیت 2 افراد پانی میں بہہ گئے۔رپورٹ کے مطابق لیویز حکام نے کہا کہ مقامی رضاکاروں کی واٹرسرچ آپریشن کے بعد لاشیں نکال لی گئیں، جاں بحق ہونیوالوں میں پچاس سالہ خاتون اور بارہ سالہ عبدالسلام شامل ہیں۔دوسری جانب پشاور اور اس کے گرد و نواح میں تیز بار ش کا سلسلہ جاری ہے، تیز بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا اور گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔شدید گرمی اور حبس کے بعد صبح سویرے بارش ہوئی جو بعد میں تیز بارش میں بدل گئی۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے مختلف اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے مختلف اضلاع میں 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ شدید بارش میں مخدوش و بوسیدہ مکانات گرنے کے باعث نقصانات رپورٹ ہوئے، مختلف حادثات میں 2 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوئے، راولپنڈی اور گجرانوالہ میں مخدوش و بوسیدہ عمارات گرنے سے 2 شہری جاں بحق ہوئے۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد میں 1 خاتون اور ایک بچی شامل ہیں، مون سون بارشوں کے باعث 2 مخدوش و کچے مکانات متاثر ہوئے، ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، جانبحق افراد کے لواحقین کی بھی حکومتی پالیسی کے تحت امداد یقینی بنائی جائے گی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مون سون بارشوں کا دوسرا سلسلہ 10 جولائی تک جاری رہے گا، شہریوں سے گزارش ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ کچے بوسیدہ اور خستہ حال مکانات میں ہرگز رہائش نہ رکھیں، خراب موسم کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔