مریم نواز اور سپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، قانون سازی اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

مریم نواز اور سپیکر پنجاب اسمبلی کی ملاقات، قانون سازی اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے ملاقات کی، جس میں ملکی و عالمی صورتحال، قانون سازی، پنجاب اسمبلی کی کارروائی اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران عالمی حالات کے تناظر میں ملک کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ پنجاب اسمبلی کی کارروائی کو باہمی ہم آہنگی کے ساتھ مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے جیل اصلاحات سے متعلق قانون سازی کے مختلف پہلوؤں پر بھی گفتگو کی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ہدایت کی کہ حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی قانون سازی کے عمل میں مؤثر شمولیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوامی مفاد سے متعلق قوانین اتفاقِ رائے سے منظور کیے جا سکیں۔اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے نیشنل پیغامِ امن کمیٹی میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے پیش کی گئی پالیسی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے "اپنا کھیت، اپنا روزگار" اسکیم کے اجرا اور قرعہ اندازی پر بھی وزیراعلیٰ کو مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ "اپنا کھیت، اپنا روزگار" اسکیم پوری ٹیم کی مشترکہ کامیابی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے ہر روز نئے ترقیاتی منصوبے متعارف کرا رہی ہے، جبکہ اب خصوصی توجہ پسماندہ علاقوں کی ترقی پر مرکوز ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے الیکٹرک بسوں کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ زرعی شعبے کی بہتری کے لیے جدید مشینری بھی متعارف کرائی جا رہی ہے۔