وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے خوشاب کے ارکانِ صوبائی اسمبلی آصف ملک اور ظفر عباس خان نے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور حلقے کے عوامی مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران ارکان اسمبلی نے وزیراعلیٰ پنجاب کو خوشاب میں عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر مریم نواز نے مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔آصف ملک اور ظفر عباس خان نے آزاد جموں و کشمیر میں عوام کا اعتماد حاصل کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دی، جبکہ خوشاب میں الیکٹرک بس سروس کے آغاز پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔ارکان اسمبلی نے آزاد کشمیر کے عوام کے لیے 10 الیکٹرک بسیں فراہم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے مریم نواز کے عوامی اقدامات کی تعریف کی۔اس موقع پر مریم نواز نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب سمیت ملک بھر اور آزاد کشمیر میں عوامی خدمت کے عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب اور پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن رکھا جائے گا۔ملاقات میں حلقوں کی ترقی، عوامی فلاحی منصوبوں اور حکومتی اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔