لیوی ختم کرنے سے حکومتی آمدن کا متبادل بندوبست کرنا ہوگا، اخراجات یا تو لیوی سے پورے ہوتے ہیں یا مہنگائی کا بوجھ اٹھانا پڑتا ہے:علی پرویز ملک
اسلام آباد (آئی این پی)وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ختم کر دی جائے تو قیمتیں نمایاں کم ہو جائیں گی، لیوی ختم کرنے سے حکومتی آمدن کا متبادل بندوبست کرنا ہوگا، اخراجات یا تو لیوی سے پورے ہوتے ہیں یا پھر مہنگائی کا بوجھ اٹھانا پڑتا ہے۔چیئرمین سید مصطفی محمود کی زیرِ صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس میں علی پرویز ملک نے کہا کہ امریکا-اسرائیل-ایران جنگ پیدا ہونے والے بحران کے دوران حکومت نے مشکل مگر ضروری فیصلے کیے، ایک پمپ پر بھی ایندھن ختم ہوتا تو سنگین صورتحال پیدا ہو سکتی تھی، کئی ممالک میں ایندھن بحران کے دوران فوج تعینات کرنا پڑی، عالمی منڈی میں ریفائن مصنوعات آج بھی جنگ سے پہلے سے مہنگی ہیں۔اجلاس میں ممبر کمیٹی نے سوال کیا کہ ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں پر عمل درآمد کیوں نہیں ہو رہا؟ اپنی تعین کردہ قیمتوں پر اوگرا عمل درآمد کروانے میں ناکام ہے۔اس پر وزیر پیٹرولیم نے بتایا ، ایل پی جی کی نیلامی عدالتی حکم امتناع کے باعث رکی ہوئی ہے، ایل پی جی کیس پر اٹارنی جنرل کے ذریعے عدالت سے رجوع کیا گیا، عدالت نے معاملہ اوگرا کو دوبارہ جائزے کیلیے بھجوا دیا، ایل پی جی قوانین پر عملدرآمد اوگرا کی ذمہ داری ہے۔