پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کی جائیں گی:علی پرویز ملک

عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمت 110 ڈالر سے بڑھ کر 140 ڈالر تک پہنچ گئی ہے، توانائی کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے:وفاقی وزیر پٹرولیم
 مختلف ممالک سے کارگو منگوا کر ملکی توانائی کی ضروریات پوری کی گئیں،  آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے زیادہ منافع کمانے کی بات درست نہیں:عطاء تارڑ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے  وزیراعظم اور کابینہ نے فیصلہ کیا ہے  آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم قیمتوں کا تعین کرے گی۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے عالمی مارکیٹ میں ڈیزل کی قیمت 110 ڈالر سے بڑھ کر 140 ڈالر تک پہنچ گئی ہے، توانائی کی قیمتوں میں دوبارہ بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے کہا  ہماری قیادت نے خطے کی صورتحال میں بہتری کے لیے کامیاب کوششیں کیں، عوام نے مشکل وقت میں تحمل کا مظاہرہ کیا۔وزیر پٹرولیم نے بتایا  وفاق نے پٹرولیم قیمتوں پر سبسڈی کے لیے 130 ارب روپے خرچ کیے ہیں، سبسڈی کا پروگرام آج بھی جاری ہے، عوام پر کسی قسم کا اضافی بوجھ نہیں ڈالا گیا۔ ملک میں مقامی طور پر تیل اور گیس کی تلاش بڑھانے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ترک پٹرولیم 20 سال بعد سمندر میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے اکتوبر میں اپنا جہاز لا رہی ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء￿  اللہ تارڑ نے کہا  پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تعلق خطے میں جاری کشیدگی سے ہے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات پاکستان پر بھی پڑتے ہیں۔ پاکستان کشیدگی کم کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی کشیدگی کے خاتمے کے لیے کوششوں کو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے۔انہوںنے کہا  مختلف ممالک سے کارگو منگوا کر ملکی توانائی کی ضروریات پوری کی گئیں، جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے زیادہ منافع کمانے کی بات درست نہیں‘ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے، کسی کو بھی پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔