پیپلز پارٹی کی شراکت کے بغیر حکومت کا چلنا ممکن نہیں، نیئر بخاری

پیپلز پارٹی کی شراکت کے بغیر حکومت کا چلنا ممکن نہیں، نیئر بخاری

پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے خلاف گردش کرنے والی قیاس آرائیوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے ان پر شدید ردعمل دیا ہے۔

 انہوں نے واضح طور پر کہا ہے کہ ایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں اور ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔اپنے ایک بیان میں نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری پاکستان کے آئینی، جمہوری اور منتخب صدر ہیں، اور ان کے خلاف اس طرح کی افواہیں پھیلانا دراصل ملک کے آئینی اداروں کو کمزور کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی قیاس آرائیاں وہی لوگ کرتے ہیں جنہیں نہ آئین کی سمجھ ہے اور نہ ہی قانون کی پاسداری کا شعور۔نیئر بخاری نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ پیپلز پارٹی کی حمایت کے بغیر موجودہ حکومت نہیں چل سکتی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ میں شامل نہیں ہو رہی لیکن پارٹی کا کردار ملکی سیاست میں فیصلہ کن ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یا وزیراعلیٰ کو ہٹانا ایک آئینی طریقہ کار کے تحت ممکن ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ نظام کو غیرمستحکم کیا جا رہا ہے۔

 اسمبلی ارکان کے پاس عدم اعتماد کے ذریعے سربراہانِ حکومت کو تبدیل کرنے کا آئینی اختیار موجود ہے۔نیئر بخاری نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی بات چیت اور جمہوری مذاکرات پر یقین ہی نہیں رکھتی، یہی وجہ ہے کہ سیاسی بحران حل ہونے کے بجائے مزید بگڑتے جا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جمہوری عمل، آئینی حدود اور سیاسی استحکام کی علمبردار ہے اور صدر زرداری کے خلاف پھیلائی جانے والی افواہیں دراصل اس استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہیں۔