پیپلز پارٹی کے وفاقی شراکت دار بننے پر رانا ثنا اللہ کا دلچسپ ردعمل

پیپلز پارٹی کے وفاقی شراکت دار بننے پر رانا ثنا اللہ کا دلچسپ ردعمل

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت میں شراکت داری پر دلچسپ اور طنزیہ تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاق میں اپنی موجودہ حیثیت اور ذمہ داریوں کے مطابق ہی کام جاری رکھے گی۔

حویلی میں انتخابی جلسے سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت قائم ہونے کے بعد عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ خطے کی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور عوام کو درپیش مشکلات کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔ایکشن کمیٹی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے دعویٰ کیا کہ کمیٹی سے وابستہ بعض افراد درحقیقت کسی مخصوص ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ جماعت جہاں بھی انتخابی شکست سے دوچار ہوتی ہے، وہاں دھاندلی کے الزامات لگانا معمول بنا لیتی ہے۔رانا ثنا اللہ نے پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت میں موجودہ شراکت داری پر طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق میں اسی تنخواہ پر کام کرتی رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت بننے کی صورت میں عوامی مسائل کے حل اور خطے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔