ملک کو فتنہ فساد پارٹی سے جان چھڑوائے بغیر آگے نہیں لے جایا جا سکتا: عظمیٰ بخاری

ملک کو فتنہ فساد پارٹی سے جان چھڑوائے بغیر آگے نہیں لے جایا جا سکتا: عظمیٰ بخاری

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک فاشسٹ گروہ ہے جو ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہا ہے، اور ملک کو آگے بڑھانے کے لیے اس سے جان چھڑانا ضروری ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جب ملک معاشی طور پر مستحکم ہو رہا ہے، اس وقت پی ٹی آئی انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو فائنل کال کا اعلان کیا گیا مگر کوئی نتیجہ نہیں نکلا، عاشورہ کے بعد احتجاجی تحریک بھی ناکام ہوگئی۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی نے 5 اگست کی کال دی ہے لیکن اس دن محب وطن پاکستانی کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں گے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہودی لابی نے عمران خان کو دوبارہ لانچ کیا ہے، جو ہمیشہ امریکی مفادات کو آگے بڑھاتے رہے ہیں۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ 9 مئی جیسے واقعات ناقابل معافی ہیں، اگر انہیں معاف کر دیا گیا تو ہر روز ایسا ہی ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کا اختیار سپریم کورٹ کے پاس ہے، لیکن پی ٹی آئی کو ملک کے امن و امان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما ضمنی انتخابات سے بھاگ گئے ہیں اور ان کی اپنی جماعت کے اندر بھی اختلافات ہیں۔ علیمہ خان گنڈاپور کے استعفے کا مطالبہ کر رہی ہیں، جبکہ گنڈاپور اس کی تردید کر رہے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت کہنا درست نہیں، یہ لوگ پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اور گوریلا جنگ کی باتیں کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مفادات کا تحفظ کر رہی ہے، چینی کے معاملے پر زیرو ٹالرنس ہے اور کئی افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔