اڈیالہ جیل: پولیس ناکے پر روکا گیا، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا خواہاں ہوں، بیرسٹر گوہر

اڈیالہ جیل: پولیس ناکے پر روکا گیا، بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا خواہاں ہوں، بیرسٹر گوہر

راولپنڈی: چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ وہ ایک ماہ بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے آئے ہیں لیکن پولیس نے داہگل ناکے پر روک رکھا ہے۔

اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح احکامات موجود ہیں کہ ملاقات میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے، لیکن پھر بھی غیر ضروری رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ:“ہم چاہتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی جلد رہائی ہو، وہ 700 دن سے زائد عرصے سے جیل میں قید ہیں۔ اگر رہائی نہیں ہو رہی تو کم از کم ملاقات کی مکمل رسائی دی جائے۔”انہوں نے کہا کہ ملاقات کے ذریعے اہم پیش رفت ہو سکتی ہے:“زیادہ لوگ ملیں گے تو اچھے پیغامات باہر آئیں گے۔ اگر ہمیں رسائی دی جائے تو بانی پی ٹی آئی سے موجودہ سیاسی صورتحال، حکومتی آفرز اور اسیران کے خطوط سے متعلق گفتگو ہو سکتی ہے۔”
گوہر علی خان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمنٹ میں ان سے مصافحہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بات ہونی چاہیے اور اسپیکر آفس کو استعمال کریں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان نے حکومتی مذاکرات کی پیشکش اس وقت مسترد کی تھی اور ان کا مؤقف ہے کہ اگر حکومت سنجیدہ ہے تو پہلے عملی اقدامات کرے۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ "ہم سختیوں کے باوجود آگے بڑھنے کے لیے تیار ہیں، لیکن اس کے لیے رسائی اور سنجیدگی درکار ہے۔"یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب سیاسی منظرنامے میں ممکنہ مذاکرات کی خبریں دوبارہ گردش میں ہیں، تاہم رکاوٹوں اور عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر سوالات بھی اٹھ رہے ہیں۔