ملاقات کی اجازت نہیں: عمران خان کی تینوں بہنوں کو اڈیالہ جیل میں داخلے سے روکا گیا

ملاقات کی اجازت نہیں: عمران خان کی تینوں بہنوں کو اڈیالہ جیل میں داخلے سے روکا گیا

راولپنڈی میں آج بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کا دن ہے، تاہم ایک بار پھر ان کی بہنوں کو اڈیالہ جیل جانے سے روک دیا گیا۔

 گورکھ پور ناکے پر پولیس نے عمران خان کی تینوں بہنوں کو روکا، جس پر علیمہ خان احتجاجاً سڑک کنارے فٹ پاتھ پر بیٹھ گئیں۔ذرائع کے مطابق، بشریٰ بی بی سے ملاقات کے لیے ان کے اہل خانہ سمیت فیصل چوہدری ایڈووکیٹ، رائے سلمان کھرل ایڈووکیٹ، اور سلمان صفدر ایڈووکیٹ اڈیالہ جیل پہنچ چکے ہیں۔ تاہم عمران خان کی بہنوں کو گورکھ پور ناکے پر ہی روک دیا گیا۔علیمہ خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ، "پچھلی بار بھی ہمیں پولیس نے روکا، کہا کہ گرفتار کر رہے ہیں، پھر بیابان میں چھوڑ کر چلے گئے، آج کہا ہے کہ اگر ملاقات نہیں کرائی گئی تو ہم یہیں بیٹھے رہیں گے۔"انہوں نے واضح کیا کہ، "اب کی بار دھوکا برداشت نہیں کریں گے۔

 جہاں روکیں گے وہیں بیٹھیں گے، ہمیں اگر گرفتار کرنا ہے تو کر لیں، مگر ہم تماشا نہیں کریں گے۔"ایک سوال کے جواب میں کہ کیا بانی پی ٹی آئی آپ سے ملنا نہیں چاہتے؟ علیمہ خان نے ہنستے ہوئے کہا، "یہ کہانی تو جیل سپرنٹنڈنٹ کی پریس ریلیز میں لکھی گئی تھی، مگر حقیقت یہ ہے کہ عمران خان نے خود جیل میں شور کیا کہ فیملی سے ملاقات کرنی ہے۔"انہوں نے انکشاف کیا کہ، "بیرسٹر علی ظفر اور گوہر نے کہا کہ دو بہنیں اندر جا سکتی ہیں، مگر ہماری بہنوں نے کہا کہ ہم سب اکٹھے ہیں، مائنس ون فارمولا نہیں مانتے۔"واضح رہے کہ چند روز قبل بھی علیمہ خان اور ان کی بہنوں کو اسی مقام پر روکا گیا تھا، جہاں بعد ازاں احتجاج کے نتیجے میں صرف دو کو جانے دیا گیا جبکہ علیمہ خان کو حراست میں لے کر دور مقام پر چھوڑا گیا تھا۔