گورنر سندھ کا لیاری متاثرین کو 80 گز کے متبادل پلاٹس دینے کا اعلان

گورنر سندھ کا لیاری متاثرین کو 80 گز کے متبادل پلاٹس دینے کا اعلان

لیاری میں افسوسناک عمارت گرنے کے واقعے کے بعد گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے متاثرہ خاندانوں کے لیے فوری اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر ہاؤس میں ہیلپ لائن "1133" قائم کی جا رہی ہے، جبکہ خطرناک قرار دی گئی عمارتوں میں رہنے والے مکینوں کو 80 گز کے متبادل پلاٹس دیے جائیں گے۔

  حادثے پر دکھ اور حکومتی ردعمل
لیاری کے علاقے بغدادی میں عمارت گرنے کے مقام پر پہنچ کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا:“یہ ایسا المناک واقعہ ہے جس کی مذمت کے لیے الفاظ بھی ناکافی ہیں۔ لوگ اپنے گھروں میں مصروف تھے اور اچانک یہ انہونی ہو گئی۔”انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے فوری ردعمل دیا اور ڈی جی کو ہٹا دیا، لیکن محض چہرے بدلنے سے نظام ٹھیک نہیں ہوگا، ہمیں وجوہات کا تعین کرنا ہوگا کہ یہ عمارت کب بنی اور کس نے منظوری دی۔

  ہیلپ لائن اور متبادل پلاٹس کا اعلان
گورنر ہاؤس میں "1133 ہیلپ لائن" قائم کی جا رہی ہے تاکہ متاثرین رجسٹریشن کرا سکیں۔خطرناک عمارتوں کے متاثرین کو 80 گز کے متبادل پلاٹس دیے جائیں گے۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو فوری طور پر تمام خستہ حال عمارتوں کا سروے کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
  متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی
کامران ٹیسوری نے انکشاف کیا کہ واقعے میں زیادہ تر جاں بحق افراد کا تعلق ہندو برادری سے ہے، جس پر انہوں نے گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا:“یہ شہر یتیموں کا نہیں ہے، لیاری سب کا ہے۔ ہم یہاں سیاست نہیں، انصاف کریں گے۔”
  روزگار اور تعمیرِ نو کی یقین دہانی
گورنر سندھ نے وعدہ کیا کہ متاثرہ افراد کو روزگار اور نوکریوں کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ بلڈرز سے بات چیت جاری ہے اور رجسٹریشن کرانے والے افراد کو نئی رہائش کی فراہمی کے لیے کوشش کی جائے گی۔
  گورنر ہاؤس سب کے لیے کھلا ہے
گورنر ٹیسوری کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے ہر شہری کے لیے کھلے ہیں۔ اگر حکومت اور ادارے سنجیدگی سے کام کریں تو ایسے سانحات کو روکا جا سکتا ہے۔