ڈمپرز کی ٹکر سے ہلاکتیں: گورنر سندھ کا متاثرین کو پلاٹ اور بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کا اعلان

ڈمپرز کی ٹکر سے ہلاکتیں: گورنر سندھ کا متاثرین کو پلاٹ اور بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کا اعلان

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں ٹریفک حادثات کے بڑھتے ہوئے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ڈمپرز کی ٹکر سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو پلاٹ دینے کا اعلان کیا۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی اور سندھ میں قانون پر عمل درآمد کا فقدان ہے اور روزانہ حادثات میں لوگ اپنی جانوں سے ہاتھ دھو رہے ہیں۔انہوں نے متاثرین کے لواحقین کی حالت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کی جان کا کوئی معاوضہ نہیں ہو سکتا، لیکن ان کی مدد کی جائے گی۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ متاثرین کے بچوں کو 12 سال تک مفت تعلیم فراہم کی جائے گی اور ان کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے جائیں گے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ سندھ میں سیاست کو لاشوں پر کھیلنے کا موقع نہیں دینا چاہیے اور انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاست کے بجائے لوگوں کی مدد کی جائے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کراچی کی عوام کی خدمت کریں گے اور اس شہر میں تعلیم، صحت اور ہنر کے شعبوں پر توجہ دیں گے۔گورنر سندھ نے اس موقع پر کہا کہ ڈمپرز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کو دعوت دی کہ وہ لسانیت اور تفریق سے باہر آ کر عوامی خدمت کریں اور متاثرین کو معاوضہ فراہم کریں۔