وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے لیاری میں رہائشی عمارت گرنے کے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی ہدایات جاری کر دیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس حادثے کو "انتہائی افسوسناک" قرار دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ افراد کو ملبے سے نکالنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں، اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی جائے۔وزیراعلیٰ کو دی گئی ابتدائی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور اب تک ملبے سے 6 زخمیوں کو نکالا جا چکا ہے۔ امدادی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔مراد علی شاہ نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) سے شہر بھر کی خستہ حال اور خطرناک عمارتوں کی تفصیلی رپورٹ فوری طور پر طلب کرتے ہوئے کہا کہ:"خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کی جائے اور فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔"
انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ متاثرہ خاندانوں سے فوری رابطہ کر کے انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے، اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مستقل بنیادوں پر سروے اور نگرانی کا عمل شروع کیا جائے۔