لیاری حادثہ:لواحقین کو فی کس10لاکھ روپے دینے کافیصلہ

کراچی میں انتہائی مخدوش عمارتیں گرانے  کے لئے کمشنر سے تفصیلات طلب کر لی گئیں
 ڈی جی ایس بی سی اے کو معطل کر دیا ‘کوئی افسرملوث ہوا تو مقدمہ درج ہوگا:سعید غنی
کراچی(آئی این پی )سندھ حکومت نے لیاری میں عمارت گرنے کے سانحے کے بعد کراچی میں انتہائی مخدوش قرار دے گئی 51 عمارتوں کو گرانے کا فیصلہ کرلیا، کمشنر کراچی سے 24 گھنٹے میں عمارتوں کی تفصیلات طلب کر لی گئیں جبکہ  لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے وزیر بلدیات سعید غنی اور وزیر داخلہ ضیا لنجار کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ لیاری بلڈنگ سانحہ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، فرائض میں کوتاہی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، اس کیخلاف مقدمہ بھی درج کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلی سندھ نے ڈی جی ایس بی سی اے کو معطل کر دیا ہے، مراد علی شاہ نے وزیر داخلہ کو فوری طور پر ایف آئی آر کاٹ کر ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ 27 جانوں کے ضیاع پر سب غمزدہ ہیں، دکھ کی گھڑی میں لیاری کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔سینئر صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلی نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے کمشنر کراچی کو کمیٹی میں شامل کیا ہے اور 2 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جس کی سفارشات پر بے رحم آپریشن کیا جائے گا