خیبرپختونخوا:جاں بحق افراد کے لواحقین کو20لاکھ امداد دینے کافیصلہ

زخمیوں کو پانچ لاکھ روپے دیئے جائیں گے‘پی ڈی ایم اے متاثرہ خاندانوں کو15ہزار دے گا
کابینہ نے پولیس شہداء کے لواحقین اور زخمی اہلکاروں کیلئے 18 کروڑ 3 لاکھ کے پیکیج کی منظوری دیدی

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبرپختونخوا  کابینہ نے سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے بڑا فیصلہ کر لیا، جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے امداد دی جائے گی۔پی ڈی ایم اے متاثرہ خاندانوں کو ’’فوڈ اسٹامپ‘‘ اسکیم کے تحت 15 ہزار روپے فراہم کرے گا، کابینہ نے پی ڈی ایم اے کو ابتدائی طور پر ایک ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔کابینہ نے پولیس شہداء￿  کے لواحقین اور زخمی اہلکاروں کیلئے 18 کروڑ 3 لاکھ روپے کے خصوصی پیکیج کی منظوری دی، مہمند میں باجوڑ ایئر ریلیف آپریشن کے دوران ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید عملے کے لئے خصوصی شہداء￿  پیکیج کی منظوری دی گئی۔ربیع الاول کے بابرکت مہینے کے موقع پر صوبے بھر میں سیرت کانفرنسز کے انعقاد کیلئے 6 کروڑ 23 لاکھ روپے گرانٹ منظور، کابینہ نے پشاور ہائی کورٹ کو ریلیز پالیسی سے استثنیٰ دینے اور ایس اے پی سسٹم تک مکمل رسائی کی منظوری دی۔کابینہ نے سابق ایم پی اے شوکت یوسفزئی کے علاج معالجے کیلئے 2 کروڑ روپے مالی معاونت اور تحصیل برنگ، ضلع باجوڑ میں ریسکیو 1122 سٹیشن کے قیام کیلئے دو کنال اراضی منتقل کرنے کی منظوری دی۔