افسران نے غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں عمارت زمین بوس ہوئی،ابتدائی رپورٹ عدالت میںجمع
کراچی (آئی این پی )سٹی کورٹ کراچی میں لیاری میں عمارت گرنے سے 27افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے سے متعلق پولیس نے ابتدائی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی۔ رپورٹ میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 6ڈائریکٹرز، عمارت کے مالک سمیت 14افراد کو قصوروار قرار دیا گیا ہے۔واقعے کا مقدمہ لوکل گورنمنٹ، ہائوسنگ اینڈ ٹائو ن پلاننگ ڈپارٹمنٹ سندھ کے ایک افسر کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔پولیس نے ابتدائی اطلاعی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی جس کے مطابق 1986میں عمارت کے مالک نے دو حصوں پر مشتمل گرائونڈ پلس 5منزلہ عمارت تعمیر کی تھی۔دونوں حصے کافی عرصے سے خستہ حال اور ناقابل رہائش ہو چکے تھے۔ حادثے کا شکار ہونے والا 20فلیٹوں پر مشتمل حصہ ایس بی سی اے کی غفلت کی نذر ہو گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایس بی سی اے افسران کو 2022سے عمارت کی خستہ حالی کا علم تھا، مگر کسی قسم کے حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے۔ پولیس رپورٹ کے مطابق افسران نے غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا، جس کے نتیجے میں عمارت زمین بوس ہوئی۔حادثے میں مرد، خواتین اور بچوں سمیت 27 افرمد جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے۔