پی ایس ایل میں نئی تاریخ رقم، ساتویں ٹیم 175 کروڑ روپے میں فروخت

پی ایس ایل میں نئی تاریخ رقم، ساتویں ٹیم 175 کروڑ روپے میں فروخت

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں توسیع کے عمل کے تحت ساتویں ٹیم کی نیلامی مکمل ہو گئی ہے، جس میں ایف کے ایس گروپ نے 175 کروڑ روپے کی بلند ترین بولی دے کر نئی فرنچائز حاصل کر لی۔

 نیلامی کے لیے ساتویں ٹیم کی بیس پرائز 110 کروڑ روپے مقرر کی گئی تھی، تاہم سخت مقابلے کے بعد حتمی بولی نمایاں طور پر زیادہ رہی۔ نئی ٹیم کا نام حیدرآباد رکھا گیا ہے، جس کے بعد پی ایس ایل میں ٹیموں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہونے والی نیلامی کی تقریب میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی بھی موجود تھے، جبکہ پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر تقریب کو براہِ راست نشر کر رہا ہے۔ تقریب میں ملک کے مختلف شہروں فیصل آباد، گلگت، سیالکوٹ، حیدرآباد، راولپنڈی اور مظفرآباد سے ٹیموں کے انتخاب پر غور کیا گیا، تاہم حیدرآباد کو نئی فرنچائز کے طور پر منتخب کیا گیا۔پی ایس ایل کے برانڈ ایمبیسڈر وسیم اکرم نے نیلامی کے آغاز پر بیس پرائز کا اعلان کیا، جس کے بعد بولی کا باقاعدہ عمل شروع ہوا۔ علی ترین کے دستبردار ہونے کے بعد نیلامی میں مجموعی طور پر 9 پارٹیوں نے حصہ لیا، جس سے مقابلہ مزید دلچسپ ہو گیا۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ پی ایس ایل نے اپنے سفر کے دوران کئی چیلنجز کا سامنا کیا، تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ مسلسل ترقی کی جانب گامزن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل آج دنیا کی بہترین ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شمار ہوتی ہے اور نئی ٹیموں کی شمولیت لیگ کی مقبولیت اور کاروباری قدر میں اضافے کا ثبوت ہے۔ساتویں ٹیم کی شمولیت کے بعد شائقین کرکٹ کو امید ہے کہ پی ایس ایل مزید سنسنی خیز مقابلوں، نئے ٹیلنٹ اور مختلف شہروں کی نمائندگی کے ساتھ ایک نئے مرحلے میں داخل ہو جائے گی۔