پی ایس ایل 10: شاہین اور حارث نے ٹی20 میں 300 وکٹوں کی تاریخ رقم کر دی

پی ایس ایل 10: شاہین اور حارث نے ٹی20 میں 300 وکٹوں کی تاریخ رقم کر دی

ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے دسویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کے فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی20 کرکٹ میں اپنی 300 وکٹیں مکمل کر لیں، جو کہ ایک اہم سنگِ میل ہے۔

گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پی ایس ایل 10 کے 19ویں میچ میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف 210 رنز کا بڑا ہدف دیا، جس کے تعاقب میں اسلام آباد کی ٹیم محض 121 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اس میچ میں شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف دونوں نے ٹی20 کرکٹ میں 300 وکٹیں مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کی۔شاہین شاہ آفریدی نے یہ اعزاز صرف 216 میچز میں حاصل کیا، جس کے ساتھ وہ ٹی20 کرکٹ میں 300 وکٹیں لینے والے سب سے تیز پاکستانی بولر بن گئے۔ حارث رؤف نے یہ کارنامہ 228 میچز میں مکمل کیا، اور وہ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

اس سے قبل محمد عامر اور وہاب ریاض نے یہ سنگِ میل بالترتیب 256 اننگز میں عبور کیا تھا۔ شاہین آفریدی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے چوتھے تیز ترین بولر بن گئے ہیں جنہوں نے ٹی20 فارمیٹ میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ان کی اس کارکردگی کو شائقین کرکٹ اور ماہرین نے سراہا ہے، اور اسے لاہور قلندرز کے لیے ایک حوصلہ افزا لمحہ قرار دیا ہے، جو رواں سیزن میں کامیابی کے لیے کوشاں ہے۔