معاذ صداقت نے سی پی ایل میں نئی تاریخ رقم کر دی

معاذ صداقت نے سی پی ایل میں نئی تاریخ رقم کر دی

بارباڈوس: پاکستانی بیٹر معاذ صداقت نے کیریبیئن پریمیئر لیگ (CPL) میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری اسکور کردی، ان کی طوفانی اننگز کی بدولت جمیکا کنگز مین نے بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر کوالیفائر 2 میں جگہ بنا لی۔

کینسنگٹن اوول میں کھیلے گئے سی پی ایل کے ایلیمینیٹر میچ میں بارباڈوس ٹرائیڈنٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 144 رنز بنائے۔بارباڈوس کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک نے 49 گیندوں پر 71 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان کرس گرین 44 گیندوں پر 57 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دونوں نے چھٹی وکٹ کے لیے 114 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔145 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جمیکا کنگز مین نے جارحانہ آغاز کیا اور پاور پلے کے 6 اوورز میں 79 رنز بنا ڈالے۔پاکستانی اوپنر معاذ صداقت نے شروع ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 22 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 49 گیندوں پر 112 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔معاذ صداقت نے اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری صرف 44 گیندوں پر مکمل کی۔ وہ 14ویں اوور میں 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم اس وقت جمیکا کنگز مین کو فتح کے لیے صرف چند رنز درکار تھے۔

جمیکا کنگز مین نے 14.1 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 145 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا اور 35 گیندیں قبل ہی 9 وکٹوں سے کامیابی اپنے نام کرلی۔ کرک میک کینزی 22 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔اس شاندار اننگز کے ساتھ 21 سالہ معاذ صداقت سی پی ایل کی تاریخ میں سنچری بنانے والے کم عمر ترین بیٹر بھی بن گئے۔ ان کی سنچری نہ صرف جمیکا کنگز مین کو کوالیفائر 2 میں لے گئی بلکہ بارباڈوس ٹرائیڈنٹس کی ایونٹ میں پیش قدمی بھی ختم ہوگئی۔سی پی ایل کے اگلے مرحلے میں جمیکا کنگز مین کوالیفائر 2 میں فائنل میں جگہ بنانے کے لیے ایک اور اہم مقابلہ کھیلے گا۔