بھارت کے قومی شوٹنگ کوچ انکوش بھاردواج جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد معطل

بھارت کے قومی شوٹنگ کوچ انکوش بھاردواج جنسی ہراسانی کے الزامات کے بعد معطل

بھارت کے قومی شوٹنگ کوچ انکوش بھاردواج کو ایک 17 سالہ قومی سطح کی خاتون شوٹر کی جانب سے لگائے گئے جنسی زیادتی کے الزامات کے بعد معطل کر دیا گیا ہے۔

نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف انڈیا (NRAI) نے الزامات سامنے آنے کے فوراً بعد انہیں تمام سرکاری ذمہ داریوں سے ہٹا دیا۔متاثرہ کھلاڑی نے الزام عائد کیا کہ واقعہ فرید آباد کے سورج کنڈ کے ایک ہوٹل میں پیش آیا، جہاں وہ شوٹنگ نیشنل چیمپئن شپ کے دوران قیام کر رہی تھی۔ پولیس کے مطابق مقابلے دہلی کے ڈاکٹر کرنی سنگھ شوٹنگ رینج میں منعقد ہو رہے تھے۔خاتون کھلاڑی کے اہلِ خانہ کی شکایت کے بعد ہریانہ پولیس نے انکوش بھاردواج کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔ NRAI کے مطابق الزامات کی نوعیت نہایت سنجیدہ ہے، اسی لیے تفتیش مکمل ہونے تک کوچ کو معطل کیا گیا تاکہ تحقیقات غیر جانبدار انداز میں آگے بڑھ سکیں۔

انکوش بھاردواج کا تعلق ہریانہ کے شہر امبالہ سے ہے۔ انہوں نے اپنا شوٹنگ کیریئر 2005 میں نیشنل کیڈٹ کور (NCC) کے کیمپ سے آغاز کیا۔ وہ قومی سطح پر پسٹل شوٹنگ کے کوچ کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے اور پنجاب کے موہالی میں سالوو شوٹنگ رینج بھی چلاتے ہیں۔انکوش کی اہلیہ انجم مودگل بھی ایک نامور شوٹر ہیں اور دو مرتبہ اولمپکس میں بھارت کی نمائندگی کر چکی ہیں۔متاثرہ کھلاڑی کی والدہ نے الزام لگایا کہ ان کی بیٹی کے علاوہ ایک اور خاتون شوٹر کو بھی اسی قسم کے رویے کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم اس حوالے سے تفتیش جاری ہے اور حکام مزید تفصیلات فراہم کریں گے۔