وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ پہنچ گئے، این 25 شاہراہ اور دانش سکولز کا افتتاح کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف کوئٹہ پہنچ گئے، این 25 شاہراہ اور دانش سکولز کا افتتاح کریں گے

وزیراعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ پہنچ گئے۔

کوئٹہ ایئرپورٹ پر ان کا وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، اراکینِ پارلیمنٹ اور اعلیٰ صوبائی حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔دورے کے دوران وزیراعظم گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل سے گورنر ہاؤس میں ون آن ون ملاقات کریں گے، جس میں صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی صورتحال اور مجموعی سیاسی و انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ گورنر بلوچستان وزیراعظم کو صوبے کی تازہ ترین صورتحال اور اہم ترقیاتی اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے۔

بعد ازاں وزیراعظم وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور ان کی کابینہ سے علیحدہ ملاقات کریں گے، جس میں بلوچستان کی ترقی، عوامی فلاحی منصوبوں اور وفاق و صوبے کے درمیان تعاون کے امور زیرِ غور آئیں گے۔دورے کے اختتام پر وزیراعظم ڈی ایچ اے میں خصوصی تقریب میں شرکت کریں گے، جہاں وہ این 25 کراچی تا چمن شاہراہ اور دانش سکولوں کا افتتاح کریں گے۔ یہ منصوبے بلوچستان کی معاشی ترقی، تعلیمی بہتری اور عوامی سہولیات میں اضافے کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیے جا رہے ہیں۔