ڈی ایس پیز اپنے اپنے ناکہ جات پر جوانوں کے ہمراہ موجود رہیں: ایس پی اختر نواز
لاہور( کرائم رپورٹر)لاہور سمیت صوبائی دارالحکومت کے داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے گئے ہیں۔ صوبائی حکومت کی جانب سے قائم مستقل ناکہ جات پر سخت چیکنگ کا عمل مسلسل جاری ہے۔ترجمان کے مطابق ایس پی ڈولفن اختر نواز نے صوبائی دارالحکومت میں قائم مختلف ناکہ جات کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے ناکہ سگیاں، نیو راوی پل، شیرا کوٹ اور محمود بوٹی کا معائنہ کیا اور ڈیوٹی پر مامور جوانوں کو موجودہ ملکی سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ایس پی ڈولفن اختر نواز نے ہدایت کی کہ ای پولیس پوسٹ ایپ کے استعمال کو مزید مؤثر بنایا جائے جبکہ پبلک؛ٹرانسپورٹ میں چیکنگ کا عمل سخت کیا جائے۔ انہوں نے تمام ڈی ایس پیز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ناکہ جات پر جوانوں کے ہمراہ موجود رہیں اور ڈیوٹی کی براہ راست نگرانی کریں۔انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے مسافروں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے دوران قانون پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ایس پی اختر نواز نے سیاہ شیشوں والی گاڑیوں، غیر قانونی اسلحہ، منشیات اور اشتہاری ملزمان کی گرفتاری پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلحہ اور منشیات کی ترسیل کو ہر صورت ناممکن بنایا جائے اور چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر کیا جائے۔ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور سیکیورٹی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔