شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں
لاہور( کرائم رپورٹر)ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر نے اپنے دفتر میں روزانہ کی بنیاد پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں انہوں نے عوام الناس کے مسائل براہِ راست سنے اور متعدد شکایات پر موقع پر ہی حل کے احکامات جاری کیے۔ڈاکٹر محمد عمر کا کہنا تھا کہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں، تاکہ عوام کو بلا رکاوٹ انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکاروں کے مسائل بھی سنے جا رہے ہیں اور ان کے حل کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ایس پی اقبال ٹاؤن نے کہا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد سفارشی کلچر کا خاتمہ اور پولیس و عوام کے درمیان فاصلے کم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر درج کروانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈاکٹر محمد عمر نے مزید کہا کہ عوام الناس کے درپیش مسائل کا بروقت حل اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ پولیس شہریوں کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت موجود ہے اور عوام کے اعتماد کی بحالی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔