منشیات فروشوں ، قمار بازوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی

لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کی زیر صدارت اقبال ٹاؤن ڈویڑن کے محرران کی اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں امن و امان کی صورتحال، جرائم کی روک تھام اور مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر نے زیرِ تفتیش مقدمات، نامکمل چالان اور سی ایم پینڈنسی کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تفتیشی امور میں تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے محرران کو سیکیورٹی انتظامات اور کارکردگی مزید بہتر بنانے کے واضح احکامات جاری کیے۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ تھانوں میں آنے والے سائلین سے پیار، محبت اور خوش اخلاقی سے پیش آنا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مفرور و اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کے لیے مقررہ ٹارگٹس ہر صورت یقینی بنانے اور اسلحہ کی نمائش کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ایس پی اقبال ٹاؤن نے منشیات فروشوں اور قمار بازوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھنے، متحرک سٹریٹ کریمنلز اور نقب زنوں کو گرفتار کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جرائم پر قابو پانا اور پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہی ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے 15 پر موصول ہونے والی کالز پر فوری ریسپانس اور قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تمام افسران و اہلکار فرائض کی انجام دہی کے دوران مکمل حفاظتی اقدامات اپنائیں۔میٹنگ کے اختتام پر ایس پی ڈاکٹر محمد عمر نے امید ظاہر کی کہ تمام محرران دی گئی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے امن و امان کے قیام میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔