قمار بازوں اور قحبہ خانے چلانے والوں کے خلاف شکنجہ

لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کی زیر صدارت کینٹ ڈویڑن پولیس کا اہم اجلاس منعقد ہواجس میں ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور انچارج چوکیات نے شرکت کی اجلاس میں مجموعی امن و امان کی صورتحال، کرائم کنٹرول اور افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق اس موقع پر ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے ہدایت کی کہ 15 کی کال پر فوری ریسپانس اور قانونی تقاضوں کے مطابق بروقت کارروائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائیانہوں نے کہا کہ مفرور اشتہاریوں اور عادی مجرمان کے خلاف جاری ٹارگٹس کو مکمل کیا جائے جبکہ متحرک سٹریٹ کریمنلز اور نقب زنوں کی گرفتاری کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔ایس پی کینٹ نے موٹر سائیکل چوری کے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنانے، سٹریٹ کرائم پر مکمل کنٹرول اور ہاٹ سپاٹ ایریاز کی خود نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی علاقے میں بدمعاشی یا قبضہ گروپوں سے متعلق موصول ہونے والی کال ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں منشیات فروشوں، قمار بازوں اور قحبہ خانے چلانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے، ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئیایس پی اخلاق اللہ تارڑ نے تھانوں کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے، عوام الناس کو ایس آئی پی ایس کی سہولیات فراہم کرنے اور شہریوں کی خدمت و مدد کو اولین ترجیح دینے پر زور دیا۔ انہوں نے افسران و اہلکاروں کو محنت، ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کا مکمل خاتمہ اور پولیس کارکردگی میں مزید بہتری ہی کینٹ ڈویڑن پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔