گھر میں گھسنے والا چور ہول میں پھنس کر پولیس کے ہتھے چڑھ گیا

نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی ریاست راجستھان  کے شہر کوٹا میں چوری کی نیت سے گھر میں گھسنے والا چور خود پھنس گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق چور نے ایگزاسٹ فین کے ہول کے ذریعے گھر میں گھنسنے کی کوشش کی جو اسے مہنگی پڑ گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق   گھر کے افراد مندر گئے ہوئے تھے  جنہوں نے گھر آکر دیکھا کہ  ایگزاسٹ فین کے ہول میں چور پھنسا ہوا ہے، ہول میں پھنسا چور گھروالوں کو دیکھ کر انہیں دھمکاتا رہا اور گھر کے قریب موجود ساتھیوں کی دھمکیاں دیتا رہا۔گھر والوں نے واقعے کی اطلاع فوری پولیس کو دی جس کے بعد پولیس نے چور کو ہول سے نکالنے کی کوشش کی۔اس حوالے سے  سوشل میڈیا پر  ویڈیو بھی وائرل ہورہی ہے جس میں چور کو پھنسا دیکھا جاسکتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق چور کو ریسکیو کرنے کے بعد گرفتار کرلیا گیا ہے۔