ڈگ فورڈ کا ٹرمپ کو الاسکا اور مینیسوٹا خریدنے کی پیشکش

ڈگ فورڈ کا ٹرمپ کو الاسکا اور مینیسوٹا خریدنے کی پیشکش

کینیڈا کے سب سے بڑے صوبے اونٹاریو کے پریمیئر ڈگ فورڈ نے امریکی نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کینیڈا کو 51 ویں امریکی ریاست میں تبدیل کرنے کے بار بار بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے مذاق میں کہا کہ وہ ٹرمپ کو امریکا کی دو ریاستیں، الاسکا اور مینیسوٹا، خریدنے کی پیشکش کرتے ہیں۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ ٹرمپ کو اس طرح کے تبصرے پسند ہیں، لیکن وہ اسے سنجیدگی سے لیتے ہیں اور ان کے تحت ایسا کبھی نہیں ہوگا۔ ڈگ فورڈ نے مزید کہا کہ اگر ٹرمپ کینیڈا پر ٹیکس عائد کرتے ہیں تو کینیڈا کو جواب دینے کے لیے سخت کارروائی کرنا ہوگی، جو ایک بدقسمتی کی بات ہو گی۔ڈگ فورڈ نے اونٹاریو کی جانب سے کینیڈا امریکا سرحد پر غیر قانونی تارکینِ وطن، منشیات اور اسلحے کی ترسیل روکنے کے لیے حفاظتی انتظامات بڑھانے کے حوالے سے بھی بات کی۔ انہوں نے اس ضمن میں دوسرے پریمیئرز سے ملاقاتوں کا ذکر بھی کیا۔

سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ کینیڈا اور امریکا کرۂ ارض کے سب سے امیر، خوش حال، محفوظ اور کامیاب ترین ممالک ہوں، اور اس مقصد کے لیے کینیڈا کے پاس اہم معدنیات، تیل اور جوہری توانائی موجود ہے۔