جھوٹے الزام عائد کرکے محنت کش کامنہ کالا کرکے گائوں کاچکر بھی لگوایا گیا ،ویڈیو وائرل ،مقدمہ درج
سرگودھا(آئی این پی )سرگودھا میں بااثر زمیندار نے محنت کش پر جھوٹا الزام عائد کرکے اس کے سر کے بال، مونچھیں اور بھنویں مونڈ ڈالیں۔ تفصیل کے مطابق چک نمبر 34جنوبی میں بااثر زمیندار کی جانب سے محنت کش پر بہیمانہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے۔رپورٹ کے مطابق علاقے کے بااثر زمیندار نے محنت کش پر جھوٹے الزامات عائد کرکے اس کے سر کے بال، مونچھیں اور بھنویں مونڈ ڈالیں اور بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا۔ ظالم زمیندار نے اسی پر بس نہ کیا محنت کش کا منہ کالا کرکے پورے گائوں کا چکر لگوایا، اس موقع پر بچے اس محنت کش کی ویڈیو بناتے رہے۔بعد ازاں بے رحمانہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس بھی حرکت میں آگئی۔ باقاعدہ کارروائی کا آغا زکردیا۔سرگودھا پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا، مقدمے میں 10نامزد اور 10نامعلوم ملزمان کے نام شامل کیے گئے ہیں۔ تھانہ کڑانہ پولیس نے 8نامزد ملزمان کو گرفتار کرلیا۔