مذاکرات کا عمل مثبت سمت میں جاری ،2025 سیاسی استحکام کا سال ہو گا عطا ء تارڑ

چیمپئنز ٹرا فی کے انعقاد سے پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ بحال ہوگی ،محسن نقوی وزیراعظم شہبازشریف کی سربراہی میں بہت اچھا کام کر رہے ہیں ‘متحد ہو کر  معیشت کو بہتر کر سکتے ہیں
 دنیا میں سستا ترین انٹرنیٹ پاکستان میں ہے، تنقید ضرور کریں مگر پاکستان کا تشخص برباد نہ کریں:وفاقی وزیراطلاعات کا میڈیا کرکٹ لیگ کی افتتاحی تقریب سے خطاب
 اسلام آباد(بیورو رپورٹ‘ایجنسیاں )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے  تحریک انصاف سے مذاکرات کا عمل مثبت سمت میں جاری ہے، بات چیت سے ہی راستے نکلتے ہیں،  بغیر کسی ثبوت کے وی پی اینز کے بارے میں پروپیگنڈا کیا گیا، تنقید ضرور کریں مگر پاکستان کا تشخص برباد نہ کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کرکٹ لیگ 2025 کی افتتاحی تقریب سے خطاب اور  میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے   کیا ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا کرکٹ لیگ کے انعقاد پر   تمام سپانسرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،  گزشتہ سال خوشخبریوں کا سال رہا ہے، 2025 سیاسی استحکام کا سال ہو گا، اڑان پاکستان ایک وژن ہے جس میں کھیل بھی شامل ہے، ہم نے اڑان پاکستان پروگرام سے شاہین کی طرح ٹیک آف کرنا ہے، پاکستان ہے تو ہم سب ہیں۔ متحد ہو کر پاکستان کی معیشت کو بہتر کر سکتے ہیں، سٹاک ایکسچینج دن بدن ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان آرہی ہے، پاکستانیوں کیلئے یہ بہت بڑا ایونٹ ہے، ہم بہت عرصے بعد چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ایونٹ کی میزبانی کرنے جارہے ہیں، ہم تمام ٹیموں کی بھرپور میزبانی کریں گے، پاکستان کی عالمی سطح پر ساکھ بحال ہوگی۔عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس کرکٹ گرانڈز کا انفراسٹرکچر بھی موجود ہے، قذافی سٹیڈیم سمیت دیگر گرائونڈز میں کام جاری ہے، محسن نقوی وزیراعظم شہبازشریف کی سربراہی میں بہت اچھا کام کر رہے ہیں، اب بغیر ثبوتوں کے سیاسی باتیں زیادہ کی جارہی ہیں، انٹرنیٹ میں بہتری ہے آئندہ دنوں میں مزید آئے گی، دنیا میں سستا ترین انٹرنیٹ پاکستان میں ہے، دنیا کے کسی ملک میں اس طرح کے ڈیٹا پیکجز نہیں ہوتے۔ بغیر کسی ثبوت کے وی پی اینز کے بارے میں پروپیگنڈا کیا گیا، تنقید ضرور کریں مگر پاکستان کا تشخص برباد نہ کریں۔اب تو سیاسی مخالفین بھی پاکستان کے معاشی استحکام کے معترف ہیں۔