9مئی ماسٹرمائنڈ کو بھی سزا ہوگی مذاکرات کے قائل، سیاسی دہشتگردی نہیں چل سکتی:عطا تارڑ

بیرون ملک سے پاکستان کے خلاف ٹرینڈ چلائے جا رہے ہیں،اختلاف کرنا ہے تو سیاست دانوں سے کریں،سیاست کی آڑ میں ملک پر حملے کر رہے ہیں
 ملکی معیشت ترقی کر رہی ہے، وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا ہے،9مئی ناقابل معافی جرم،وزیر اطلاعات کا تقریب سے خطاب 
 لاہور(آئی این پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ہم سیاسی مذاکرات کے قائل ہیں، سیاسی دہشت گردی نہیں چل سکتی، ملکی  معیشت ترقی کر رہی ہے، وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا ہے۔لاہور میں  ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ سیاست کی آڑ میں ملک پر حملے کیے گئے، 9مئی ناقابل معافی جرم ہے، ماسٹر مائنڈ کو بھی سزا ہوگی، 9 مئی کو شہداء کی یادگاروں کو مسمار کیا گیا، بیرون ملک سے پاکستان کے خلاف ٹرینڈ چلائے جا رہے ہیں۔عطا تارڑ نے کہا کہ سانحہ 9مئی میں ملوث 25مجرموں کو سزائیں سنائی گئیں،ان لوگوں نے شہدا ء کی یادگاروں کو مسمار کیا،اختلاف کرنا ہے تو سیاست دانوں سے کریں،سیاسی دہشت گردی نہیں چل سکتی،سیاست کی آڑ میں ملک پر حملے کر رہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ  انتشار اور تقسیم کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔سیاسی جماعتیں بعد میں پاکستان سب سے پہلے ہے۔، اختلافات سیاستدانوں سے کریں، شہداء کے ساتھ دشمنی کیوں کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حکومت میں مہنگائی عروج پر تھی، نواز شریف کی جماعت نے ملک میں مہنگائی کم کی ہے، ملک میں معیشت کے تمام اعشارئیے مثبت ہیں، مسلم لیگ ن کے دور میں سٹاک ایکسچینج بلند ترین سطح پر ہے، ملک میں منصوبے لگ رہے ہیں، غیر ملکی تاجر پاکستان آ رہے ہیں۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ مہنگائی مزید کم ہوگی، عوام کی مشکلات حل کریں گے، روپے کی قدر مستحکم ہے، ملک ترقی کی جانب گامزن ۔  وزیراعظم نے 50ارب کی سبسڈی بجلی کے بلوں میں دی،وزیراعلی پنجاب نے 45 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی،جو ہم نے وعدے کیے تھے وہ پورے ہورہے ہیں، دوست ممالک پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں،پاکستانی قیادت پر بھرپور اعتماد کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہر فورم پر فلسطین کی بات کی ہے۔