جنگی فضاکے برعکس امریکہ کیساتھ بات چیت کے فریم ورک پر کام ہو رہا ہے ، علی لاریجانی
پاسداران انقلاب خلیج فارس، آبنائے ہرمز میں امن کے محافظ ہیں، وزیر خارجہ سید عباس عراقچی
تہران (آئی این پی )ایران نے موجودہ تنا کے ماحول میں امریکا کے ساتھ مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھنے کی تصدیق کردی۔یہ بات ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر علی لاریجانی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگی فضا کے برخلاف امریکا کے ساتھ بات چیت کے فریم ورک پر کام ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگی بیانیے کے شور کے باوجود مذاکراتی عمل کے لیے عملی انتظامات آگے بڑھ رہے اور مذاکرات کے لیے ساختی انتظامات میں پیش رفت جاری ہے۔ دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ پاسداران انقلاب خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں امن و استحکام کے محافظ ہیں۔امریکی سینٹرل کمان کے ایرانی فوج سے متعلق مطالبے کے ردعمل میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ایکس پر جاری اپنے بیان کہا کہ سینٹرل کمان نے ایسی فوج سے پیشہ ورانہ رویہ کا مطالبہ کیا جسے امریکا نے دہشت گرد قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز کے قریب اپنی فوجی موجودگی کے ذریعے اثر انداز ہو رہا ہے، امریکا ہماری قومی فوج کی مشقوں کے حق کو بھی تسلیم کر رہا ہے، دہشت گردوں اور بیرونی افواج کے خلاف اپنی صلاحیت ثابت کر چکے ہیں۔ایرانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ آبنائے ہر مز میں جہاز رانی کی آزادی ایران اور پڑوسیوں کیلئے یکساں اہم ہے، خطے میں بیرونی افواج کی موجودگی کشیدگی میں کمی کے بجائے اضافے کا سبب بنتی رہی ہے۔