27 مقدمات درج،سیفٹی راڈ نہ لگانے پر 60 موٹرسائیکل سوار بھی گرفت میں آگئے،اسلحہ کی نمائش پر9 پکڑے گئے
لاہور(کرائم رپورٹر) بسنت فیسٹول کے دوسرے روز لاہور پولیس نے کائٹ فلائنگ ایکٹ سمیت مختلف خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھیں۔ ترجمان لاہور پولیس کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 27 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 31 ملزمان کو گرفتار کیا گیاکارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 980 غیر منظور شدہ پتنگیں اور 146 چرخیاں برآمد کی گئیں۔ اسی طرح ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش پر 9 افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ منشیات کے استعمال میں ملوث 13 افراد بھی قانون کی گرفت میں آئیسیفٹی راڈ نہ لگانے پر حالیہ کارروائیوں کے دوران 60 موٹر سائیکل سواروں کو بھی گرفتار کیا گیا۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے سپروائزری افسران کو کائٹ فلائنگ ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔سی سی پی او لاہور نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ ہر صورت قائم رکھی جائے گی اور غیر قانونی پتنگ بازی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش، اشتعال انگیزی اور منشیات فروشی سمیت ہر قسم کی قانون شکنی پر زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائی ہوگی۔سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ نے افسران کو ہدایت دی کہ محفوظ بسنت کے لیے حکومتی ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ ساتھ ہیومن انٹیلی جنس کی مدد سے چھتوں اور بسنت سرگرمیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے۔سی سی پی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی کہ کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر 15 پر اطلاع دیں۔