22 ہزار 755 غیر منظور شدہ پتنگیں اور 462 دھاتی و کیمیکل ڈور چرخیاں برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ عبدالکریم نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے دوران پولیس افسران و اہلکاروں کو ہائی الرٹ ہو کر ڈیوٹی فرائض سرانجام دینے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ انسدادِ پتنگ بازی ایکٹ کے تحت جاری کریک ڈاؤن کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں 193 مقدمات درج کیے گئے جبکہ 191 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران 22 ہزار 755 غیر منظور شدہ پتنگیں اور 462 دھاتی و کیمیکل ڈور چرخیاں برآمد کی گئیں۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ رواں سال اب تک لاہور سمیت صوبہ بھر میں دھاتی ڈور اور پتنگوں کے کاروبار میں ملوث 4,486 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن کے قبضے سے 3 لاکھ 71 ہزار سے زائد پتنگیں اور 8,648 ڈور چرخیاں برآمد کی گئی ہیں۔آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو انسدادِ پتنگ بازی ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازوں، مینوفیکچررز اور فروخت کنندگان کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ لاہور میں بسنت کی اجازت صرف مخصوص دنوں اور سخت حکومتی شرائط کے تحت دی گئی ہیآئی جی پنجاب نے مزید ہدایت کی کہ رجسٹرڈ پتنگ فروش صرف منظور شدہ پتنگیں اور ڈور فروخت کرنے کے پابند ہیں، خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈرونز، سیف سٹی کیمروں اور دوربینوں کی مدد سے مسلسل مانیٹرنگ جاری رکھی جائے۔آئی جی پنجاب نے شہریوں سے اپیل کی کہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، قوانین پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔