رواں سال پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 4425 گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان کی ہدایت پر پنجاب پولیس دھاتی ڈور و پتنگ بازی کے خاتمے کے لیے ان ایکشن ہے جس کے تسلسل میں پولیس کی لاہور سمیت صوبہ بھر میں اینٹی کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر کاروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں انسداد پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر 4425 ملزمان گرفتار کر کے 4341 مقدمات درج کئے گئے۔ 04 لاکھ 69 ہزار 892 پتنگیں، 17 ہزار 671 ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئیں اور 3871 کیسز کے چالان جمع کروائے گئے۔ صوبائی دارالحکومت میں 1206 ملزمان گرفتار، 1175 مقدمات درج، 27612 پتنگیں اور 1393 ڈور کی چرخیاں برآمد کی گئیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی ممانعت ترمیمی بل کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں۔ آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز پتنگ بازوں، پتنگ فروشوں اور مینوفیکچررز کے خلاف کریک ڈاؤن میں تیزی لائیں۔ جان لیوا سرگرمی کی ہرگز اجازت نہیں اور خونی دھندے میں ملوث افراد کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائیں۔ دھاتی ڈور اور پتنگوں کے آن لائن کاروبار میں ملوث عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو اس خونی کھیل سے دور رکھیں اور شہری کسی بھی مقام پر پتنگ بازی کی صورت میں 15 پر اطلاع دے کر ذمہ داری کا ثبوت دیں۔