پاکستان نے دفاعی صلاحیتوں کے باعث دنیا میں نمایاں مقام حاصل کرلیا رانا تنویر حسین

جس طرح دو ہزار تیرہ میں دہشت گردی کا خاتمہ ممکن بنایا گیا تھا اسی جذبے کے ساتھ دوبارہ یہ ہدف حاصل کیا جائے گا:وفاقی وزیر 
شیخوپور(یواین پی)وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کو اپنی دفاعی صلاحیتوں کے باعث نمایاں مقام حاصل ہو چکا ہے، جس طرح دو ہزار تیرہ میں دہشت گردی کا خاتمہ ممکن بنایا گیا تھا اسی جذبے کے ساتھ دوبارہ یہ ہدف حاصل کیا جائے گا۔پریس کلب شیخوپورہ کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان روایتی اور جدید ٹیکنالوجی پر مبنی جنگ میں مکمل مہارت رکھتی ہے اور دنیا بھر میں پاکستان کو اپنی دفاعی صلاحیتوں کے باعث نمایاں مقام حاصل ہو چکا ہے، ان کے مطابق متعدد ممالک دفاعی شعبے میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں اور یہ اعتماد افواج کی پیشہ ورانہ قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم دور حکومت اور موجودہ دور میں بھی افواج پاکستان نے قومی سلامتی کے لیے اہم اور فیصلہ کن کردار ادا کیا ہے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج کی شمولیت سو فیصد ہے اور دشمن براہ راست مقابلے کی جرات نہیں رکھتا اس لیے پراکسیز کے ذریعے کارروائیاں کی جا رہی ہیں مگر قوم اور ادارے مل کر ان سازشوں کو ناکام بنا دیں گے۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ جس طرح دو ہزار تیرہ میں دہشت گردی کا خاتمہ ممکن بنایا گیا تھا اسی جذبے کے ساتھ دوبارہ یہ ہدف حاصل کیا جائے گا