قطر پر حملہ اسرائیلی منافقت کا آخری درجہ ہے،سعودی عرب سے ہمارا جذباتی رشتہ ہے، ہمارا بچہ بچہ حرمین الشریفین کی حفاظت کیلئے تیار ہے
پی ٹی آئی کی سیاست پاکستانی مفادات کے خلاف ، خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی وجہ بانی پی ٹی آئی کے اقدامات ہیں،وفاقی وزیر
شیخوپورہ(بیورو رپورٹ ) وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کی وجہ سے اسرائیل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں معافی مانگنے پر مجبور ہوا،قطر پر حملہ اسرائیلی منافقت کا آخری درجہ ہے، اسرائیلی حملے کے باوجود جیل میں بند عالم اسلام کا نام نہاد لیڈر ایک لفظ نہ کہہ سکا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین کا کہنا تھا انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست پاکستانی مفادات کے خلاف ہے، خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی وجہ بانی پی ٹی آئی کے اقدامات ہیں۔سعودی عرب کے ساتھ ہونے والے دفاعی معاہدے کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا سعودیہ سے ہمارا جذباتی رشتہ ہے، ہمارا بچہ بچہ حرمین الشریفین کی حفاظت کے لیے تیار ہے۔رانا تنویر حسین کا کہنا تھا ہمارا ایٹمی پروگرام اپنی حفاظت اور عوام کی فلاح کے لئے ہے، ہماری خارجہ پالیسی نے سلامتی کونسل میں اسرائیل کو معافی مانگنے پر مجبور کر دیا۔پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے متعلق سوال پر رانا تنویر حسین کا کہنا تھا وزیر اعلی پنجاب سیلاب متاثرین کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گی۔