(وزارت خارجہ اور سمندر پاراقدامات میں تیزی لائیں)خلیجی ممالک میں زیادہ پاکستانی بھیجے جائیں شہبازشریف
نیووٹیک کے تمام پارٹنر تربیتی اداروں میں زیر تربیت طلباء اور اساتذہ کیلئے بائیو میٹرک نظام کے تحت حاضری کا نظام لاگو کیا جائے‘ صوبائی اداروں کے ساتھ تعاون کو یقینی بناتے ہوئے نیوٹیک کے پروگراموں کو وسعت دی جائے
بین الاقوامی سطح پر زیادہ مانگ والے ہنر کے حوالے سے نوجوانوں کو تربیت کی فراہمی اولین ترجیح ہے‘نیووٹیک کے تحت جن اداروں کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں، ان کی رکنیت معطل کرکے کارروائی کی جائے:اجلاس میں ہدایات
اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیووٹیک کی حالیہ کارکردگی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے تکنیکی و فنی تربیتی پروگرامز کے نئے اہداف کا تعین کرنے اور اپرینٹس شپ قانون پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں پیشہ ورانہ تربیت کے نئے متعارف کردہ ایکوسسٹم پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں، نیووٹیک کے تحت جاری تربیتی پروگرامز کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی افرادی قوت کو عالمی سطح پر مسابقت کیلئے بین الاقوامی سرٹیفیکشنز کی فراہمی خوش آئند امر ہے‘خلیجی ممالک میں پاکستانی افرادی قوت کی کھپت کیلئے وزارت خارجہ اور وزرات سمندر پار مقیم پاکستانی اقدامات میں تیزی لائیں۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی نوجوان افردای قوت صلاحیتوں سے بھرپور ہے، انکی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کیلئے نیووٹیک کے ذریعے ایک مفصل پروگرام کا آغاز کیا۔اللہ کے فضل و کرم سے نیووٹیک کے تحت تکنیکی و فنی تربیتی پروگرامز کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیووٹیک کے تمام پارٹنر تربیتی اداروں میں زیر تربیت طلباء اور اساتذہ کیلئے بائیو میٹرک نظام کے تحت حاضری کا نظام لاگو کیا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی اداروں کے ساتھ تعاون کو یقینی بناتے ہوئے نیوٹیک کے پروگرامز کو وسعت دی جائے تاکہ ذیادہ سے ذیادہ افرادی قوت کو تربیت فراہم کی جا سکے۔بین الاقوامی سطح پر زیادہ مانگ والے ہنر کے حوالے سے نوجوانوں کر بین الاقوامی سرٹیفیکشن کے ساتھ تربیت کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔نیووٹیک کے تحت جن اداروں کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں، انکی رکنیت معطل کرکے کاروائی کی جائے۔نیووٹیک کے نظام کی مکمل ڈیجیٹائیزیشن و آن لائن مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے۔اجلاس میں نیووٹیک کے ساتھ کام کرنے والے نجی شعبے کے تھرڈ پارٹی ویلڈیٹرز، صنعتی شعبے کے شراکت دار، پیشہ ورانہ فرمز، چیمبرز آف کامرس کے نمائندے، کاروباری ایسوسی ایشنز کے نمائندے اور مصنوعی ذہانت و انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کے ماہرین نے شرکت کی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ نیووٹیک کی جانب سے وزیرِ اعظم کے تفویض کردہ تربیتی پروگرامز کے اہداف کا حصول یقینی بنایا جا چکا. نیووٹیک اپنے پیشہ ورانہ تربیتی پروگرامز کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کو یقینی بنا رہی ہے جس میں تربیتی پروگرامز میں طلباء و طالبات کی بائیومیٹرک حاضری کے ساتھ ساتھ ٹرینرز کے اعلی معیار کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ نیووٹیک کے تحت پاکستان کے پہلے اسکل بیسڈ بانڈ کا اجراء کیا جاچکا ہے جس کے تحت نجی شعبے سے پیشہ ورانہ تربیت کیلئے نتائج کی بنیادوں پر فنڈنگ لی جائے گی۔وزیرِ اعظم نے نیووٹیک کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل کیلئے مزید بہتری کے حوالے سے نئے اہداف کے تعین کی ہدایت کی۔